بھٹکل:18/ دسمبر(ایس اؤنیوز)تعلقہ کے چوتھنی اور منڈلی پہاڑکے گھاس پوس علاقے میں اچانک آگ لگنے سے آس پاس کے لوگ کچھ دیر کے لئے حیرت زدہ ہونے کا واقعہ پیر کی دوپہر پیش آیاہے۔
گھاس والے علاقہ میں لگی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پل بھر میں بڑے پیمانے پر پھیل گئی ۔اطلاع پاتے ہی فائر برگیڈ کا عملہ جائے وقوع پہنچ کر نوجوانوں کے تعاون سے آگ پر قابو پانے کی مسلسل 2گھنٹوں تک اپنی کوشش جاری رکھی ،جب اپنی کارروائی میں کامیاب ہوئے تو لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ پہاڑی علاقے میں کسی بیڑی یا سگریٹ کی چنگاری سے آگ پھیلنے کا شبہ جتایا جارہاہے۔ پہاڑ کے دامن میں ہی گیس کا گوڈاؤن ہونے سے لوگ اور بھی خوف زدہ ہوگئے تھے مگر فائر برگیڈ اور نوجوانوں کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا حادثہ ٹلنے کی بات کہی جارہی ہے۔